سبق دیتی ہے زندگی رنگ رنگ کے

مصنف: اعجاز عالم | موضوع: کامیاب زندگی

Zindagi ke Sabaq

سبق دیتی ہے زندگی ہر رنگ کے، جی ہاں! بالکل زندگی کا ہر موڑ آپکو ایک نیا سبق دیتا ہے۔ اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اس سے کیا سیکھتے ہیں۔ یہ بات تو طے ہے کہ انسان کی ہر کامیابی اور ناکامی میں ایک سبق چھپا ہوتا ہے جسے سمجھدار لوگ فوراً سمجھ جاتے ہیں اور اسے اپنی آنے والی زندگی میں استعمال کر کے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ بعض لوگ اپنی کامیابی پر صرف جشن اور خوشیاں منا کر فارغ ہو جاتے ہیں، اسی طرح اپنی ناکامی پر افسوس و ماتم کر کے، حالات یا مختلف شخصیات کو اس کا موردِ الزام ٹھہرا کر چپ ہو جاتے ہیں۔

وہ یہ نہیں سمجھ پاتے کہ اس میں انکے لیے بہت سے سبق پوشیدہ ہیں جن سے وہ بہت کچھ سیکھ کر آئندہ اپنی زندگی کو بہتر سے بہتر بنا سکتے ہیں۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ زندگی کے مختلف حالات سے آپ کیسے سبق سیکھ سکتے ہیں۔

کامیابیوں سے سبق

اللہ تعالیٰ آپکو ہمیشہ کامیاب کرے، یہ کامیابیاں آپ کے لیے بہت سے اسباق لے کر آتی ہیں جن کی بدولت آپ آئندہ زندگی میں بھی مزید بہتر کامیابیاں سمیٹ سکتے ہیں۔اگر آپکو کوئی کامیابی نصیب ہوئی ہے تو پروردگار کا شکر بجا لائیے اور سوچیئے کہ وہ کو ن سے اسباب تھے جن کی بدولت آپ کامیاب ہوئے؟ ہر کامیابی کے لیے نیک نیتی، پلاننگ، سخت محنت، مقدر اور دعائیں ضروری ہوتی ہیں لہذا اس میں یہ سبق واضح ہے کہ یہ عوامل اور اسباب آپ کو آئند ہ بھی کامیابی سے ہمکنار کر سکتے ہیں۔


کامیابی میں ایک اہم سبق یہ بھی ہے کہ آپ اس بات کا درست اندازہ لگائیں کہ وہ کون سے دنیاوی اسباب تھے جنکی بدولت آپ اس مقام تک پہنچ پائے اور پھر ان اسباب کو سنبھال کر رکھیں بلکہ انکو مزید بہتر بنائیں۔ جن شخصیات کی دعائوں اور تعاون سے آپ کامیاب ہوئے ان کا شکریہ ادا کیجئے، ان کی قدر کریں اور زندگی میں ضرورت پڑنے پر انکے کام آئیں۔

یقین جانے اگر آپ نے اپنی کامیابی سے اس طرح کے سبق سیکھ لیے اور انہیں اپنے پلے سے باندھ لیا تو دنیا کی کوئی طاقت آئندہ آپ کو کامیاب ہونے سے نہیں روک سکتی۔

ناکامیوں سے سبق

ہر انسان کی زندگی میں ایک دور ایسا بھی آتا ہے جب وہ کسی نہ کسی معاملے میں ناکام ہو جاتا ہے۔ چاہے وہ تعلیمی میدان ہو، کاروبار ہو یا رشتے نبھانے کا عمل۔ بہت سے لوگ ان میں ناکامیوں کا منہ دیکھتے ہیں۔ لیکن اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ آپ ایسے حالات میں منہ بسور کر بیٹھ جائیں اور پریشان ہو کر حالات کو مزید بگاڑ نے کا موجب بنیں۔

کسی سیانے نے کیا خوب بات کی ہے کہ قدرت انسان کو اس وقت تک آزمائش یا تکلیف میں رکھتی ہے جب تک کہ وہ اس سے کوئی سبق نہ سیکھ لے۔ اکثر لوگ وقتی طور پر تو اس سے شاید کچھ سبق سیکھ لیتے ہیں لیکن جیسے ہی وہ حالات تبدیل یا بہتر ہوتے ہیں تو وہ سیکھے ہوئے سبق یکسر فراموش کر دیتے یں۔ نتیجتاً زندگی پھر اسی ڈگر پر چل پڑتی ہے جب تک کہ دوبارہ ایسے ہی حالات دوبارہ پیش نہ آ جائیں۔

زندگی کی ان ناکامیوں سے بہت سے سبق سیکھے جا سکتے ہیں۔آپ آرام و سکون سے بیٹھیں اور تمام معاملات کا شروع سے جائزہ لیں کہ آیا اس کام یا معاملے کی ناکامی کے کیا عوامل ہو سکتے ہیں؟ اگر کوئی تعلیمی امتحان تھا تو کیا آپکی محنت اور کوشش میں کوئی کمی تو نہ تھی؟ اگر سماجی تعلقات میں کوئی ناکامی ہے تو کیا کسی اور کے عمل دخل سے یہ تعلقات خراب ہوئے؟ جب آپ اس طرح کے چند سوالات خود سے کریں گے تو جوابات میں سے آپکو کوئی نہ کوئی سبق ایسا ضرور مل جائے گا جس کی بنیاد پر آپ آئندہ کے لیے اپنے معاملات کو سلجھا پائیں گے۔

آپ کی نیت اور کوشش یہ ہونی چاہیے کہ آپ نے پریشان ہونے کی بجائے ان سے آئندہ کے لیے سبق سیکھنا ہے۔ اگر آپ نے اس میں سے کوئی سبق نہ سیکھا تو خدانخواستہ آنے والے دنوں میں آپ کو ایسے حالات دوبارہ بھی دیکھنے پڑ سکتے ہیں۔

خوشی اور غمی سے سبق

آپکی زندگی میں خوشیوں کی اہمیت بہت زیادہ ہے، کبھی کامیابی کی خوشی، کبھی شادی بیاہ یا پیدائش کی خوشی، غرضیکہ ہر طرح کی خوشیاں۔ اب ان میں سے بھی سمجھدار لوگ ڈھیروں سبق سیکھ لیتے ہیں۔ اگر کوئی شادی ہے تو اس میں بھی سماجی تعلقات کے اسباق موجود ہوتے ہیں۔ لین دین، اخراجات کے سبق ہوتے ہیں، خریداری، لباس زیب تن کرنے، بات چیت، نئے لوگوں سے ملنے کے سبق ہوتے ہیں۔

غرضیکہ خوشیوں کے تمام معاملات میں کوئی نہ کوئی سبق ضرور پوشیدہ ہوتا ہے جس کو آپ اپنی معلومات اور آئندہ زندگی میں بہتر فیصلوں کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

اسی طرح خدانخواستہ غمی یا تکلیف کے معاملات جیسے کوئی فوتگی، حادثہ وغیرہ، ان میں سے بھی آپ اپنی آنے والی زندگی کے لیئے سبق سیکھ کر بہتر انداز میں ان معاملات کو نبھا سکتے ہیں۔ بات صرف اتنی سی ہے کہ آپ نے ہر طرح کے حالات میں اپنے کان اور آنکھیں کھلی رکھنی ہیں اور دماغ کو حاضر رکھتے ہوئے ان کا مردانہ وار مقابلہ کرنا ہے اور آئندہ کے لیے سبق ضرور سیکھنا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپکا حامی و ناصر ہو


Share


کامیاب زندگی کے متعلق سبق آموز تحاریر