پراپرٹی کا کاروبار بحیثیت پراپرٹی ڈیلر کیسے کریں؟

مصنف: اعجاز عالم | موضوع: ریئل اسٹیٹ


پراپرٹی کا کاروبار کرنے کے دو طریقوں میں سے ایک طریقہ بحیثیت پراپرٹی ڈیلر یا ریئل اسٹیٹ ایجنٹ کا ہے۔ اس میں آپ نے جائیداد کے مالک اور خریدار کے درمیان ایک سہولت کار کا کردار ادا کرتے ہوئے سودا کروانا ہوتا ہے۔ اس خدمت کے عوض آپ ایک مخصوص یا طے کردہ رقم بطور کمیشن یا معاوضہ دونوں پارٹیوں یا ایک سے وصول کرتے ہیں۔


ایک اچھا اور کامیاب پراپرٹی ڈیلر بننے کے لیے آپ کو چند باتوں کا خاص طور پر دھیان رکھنا ہو گا اور اپنے لیے چند اصول وضع کرنے ہوں گے تاکہ پراپرٹی کی مارکیٹ میں آپ اپنی اچھی ساکھ بنا سکیں۔

درج ذیل میں چند ضروری گزارشات پیش خدمت ہیں جن سے اصحاب چاہیں تو فائدہ اٹھا سکتے ہیں:

علاقے کی سمجھ بوجھ

جس علاقے، کالوںی یا ایریا میں آپ ریئل اسٹیٹ کا کاروبار کرنا چاہتے ہیں اس کے متعلق مکمل معلومات اور تفصیل حاصل کر لیں۔ آپ کو علم ہونا چائیے اس علاقے میں مکان یا پلاٹ کی موجودہ مالیت کیا ہے، ماضی میں کیا تھی اس مستقبل میں اس علاقے کی جائیداد کی قیمتوں کی کیا صورتحال ہو سکتی ہے؟

اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہو گا کہ جب کوئی جائیداد بیچنے یا خریدنے کے لیے آپ کے پاس آئے گا آپ اسکی درست راہنمائی کر کے اسکو فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔ اس طرح نہ صرف آپ کی ساکھ میں اضافہ ہو گا بلکہ آپکے کلائنٹ کی تعداد بھی بڑھ جائے گی۔ لوگ آپ پر اعتبار کرنے لگ جائیں گے اور نتیجتاً آپ کا پراپرٹی کا کاروبار ترقی کرتا رہے گا۔

اس کے لیے اچھے پراپرٹی ڈیلر حضرات نے ایسے فیلڈ ورکر یا سروئیر رکھے ہوتے ہیں جو پارٹ ٹائم یا فل ٹائم کام کر کے علاقے کا سروے کرتے رہتے ہیں۔ جہاں کہیں بھی کوئی گھر برائے فروخت ہوتا ہے یا بکنے والے مکان یا پلاٹ کا پتہ چلتہ ہے وہ اس کی تفصیل اور معلومات دفتر میں دیتے ہیں۔ اور اگر سودا ہو جائے تو انکو بھی مناسب معاوضہ یا کمیشن دیا جاتا ہے۔

اچھا پراپرٹی دفتر

بہت سے لوگ چلتے پھرتے بھی پراپرٹی کا کاروبار کرتے ہیں لیکن یہ پارٹ ٹائم قسم کا کام ہوتا ہے۔ اگر آپ سنجیدگی سے پراپرٹی بزنس کرنا چاہتے ہیں تو اچھی لوکیشن پر پراپرٹی کا دفتر ضرور بنائیں جس میں لینڈ لائین یعنی کہ پی ٹی سی ایل نمبر کی سہولت ضرور میسر ہو۔

چونکہ پراپرٹی کے کاروبار میں روپے کا لین دین ہوتا ہے اس لیے خریدار اور بیچنے والے مالک دونوں ہی کسی باعزت ، پرائیویٹ اور محفوظ جگہ پر ہی لین دین کرنا پسند کریں گے۔ اسکے لیے اچھے پراپرٹی دفاتر میں سودے بازی اور پیسے کے لین دین کے لیے الگ سے ایک کمرہ یا کیبن مختص کیا جاتا ہے جو عام لوگوں اور ملازمین سے ذرا فاصلے پر ہوتا ہے۔ اس طرح کلائنٹ سہولت سے پراپرٹی کا سودا کر سکتے ہیں۔

آپ کے پراپرٹی کے دفتر میں چائے، پانی، بسکٹ وغیرہ کا انتظام بھی ضروری ہے تاکہ آپ اپنے کلائینٹ کی اچھی خاطر مدارت کر سکیں۔ اس طرح دفتر اور آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہوتا ہے۔

کمیشن کے اصول

جیسا کہ پہلے عرض کیا گیا ہے کہ آپ کو اپنے پراپرٹی کے کاروبار کے لیے چند اصول وضع کرنے ہوں گے۔ ان میں ایک کمیشن کی وصولی کا طریقہ کار بھی ہے۔ کچھ عرصہ قبل تک پراپرٹی کے کمیشن اس طرح تھے کہ پلاٹ یا گھر کی خرید و فروخت پر کُل قیمت کا 2 فیصد دونوں پارٹیوں سے وصول کیا جاتا تھا، زرعی زمین پر 10 فیصد اور کرایہ والی جائیداد پر 15 یوم کا کرایہ دونوں پارٹیوں سے وصول کیا جاتا تھا۔

سب سودے آمنے سامنے بٹھا کر طے کروائے جاتے تھے اور سب کام تسلی بخش طریقے سے ہو جاتے تھے۔ پھر مشرف دور میں پراپرٹی کے کاروبار میں بے پناہ تیزی دیکھنے میں آئی اور اس میں ہر طرح کے اخلاقی، غیر اخلاقی، جائز، ناجائز طریقے شروع ہو گئے۔ عام لوگ بھی جن کو کوئی کام نہیں ملتا تھا وہ بھی پراپرٹی ڈیلر بن گئے۔

ان لوگوں کی وجہ سے کمیشن کا نیا طریقہ جسے عرفِ عام 'ٹاپ' یا 'ٹاپا' لگانا بولا جاتا ہے وہ بھی شروع ہو گیا۔ جس میں مخصوص کمیشن کی بجائے یا علاوہ خرید و فروخت کی قیمت میں فرق کو پراپرٹی ڈیلر کا کمیشن تسلیم کر لیا گیا۔ فرض کیجئے کہ جائیداد بیچنے والے کو ایک لاکھ پر راضی کیا جاتا ہے اور خریدنے والے کو ایک لاکھ پچیس ہزار یا اس سے بھی زائد تو جو قیمت میں فرق ہو گا وہ پراپرٹی ڈیلر وصل کرے گا۔ اس موضوع پر ہم تفصیل سے بات کریں گے۔

آپ نے یہ طے کرنا ہے کہ آپ نے اپنے پراپرٹی کے کاروبار میں کمیشن وصول کرنے کا کیا طریقہ اپنانا ہے جو کہ فراڈ، جھوٹ سے پاک ہو اور آپ کی اچھی ساکھ کو بھی بالکل متاثر نہ کرے۔

پراپرٹی بزنس کی ایڈورٹائزنگ

پراپرٹی کا بزنس چونکہ دوسرے کاروباروں سے تھوڑا مختلف ہوتا ہے اسلیے اسکی ایڈورٹائزنگ کے طریقے بھی مختلف ہوتے ہیں۔ اس میں آپ اخبار میں ان سودوں یعنی مکان یا پلاٹ کا اشتہار دیتے ہیں جنکے مالکان آپ سے رابطے میں ہوں اور ساتھ ہی اپنے پراپرٹی بزنس کا نام، پتہ اور ٹیلیفون نبمر دیتے ہیں۔ اس طرح سودے کی تشہیر کے ساتھ ساتھ آپ کے بزنس کا نام بھی مشہور ہو جاتا ہے۔

آجکل آن لائن ایڈورٹائزنگ کا بھی بہت رواج ہے اور آپ اپنے پراپرٹی کے سودوں کا اشتہار انٹرنیٹ کے ذریعے لاکھوں لوگوں تک آسانی سے پہنچا سکتے ہیں۔ اس کے لیے آپ اپنی بزنس ویب سائیٹ کا فائدہ بھی اٹھا سکتے ہیں۔

اسس کے علاوہ ایس ایم ایس مارکیٹنگ کے ذریعے بھی اشتہار دیا جاتا ہے لیکن یہ کوئی اتنا اچھا طریقہ نہیں سمجھا جاتا۔ ویسے بھی کسی کی اجازت کے بغیر یا جان پہچان نہ ہونے کے باوجود ان کو کوئی اشتہاری میسج بھیجنا ایک غیر اخلاقی بات سمجھی جاتی ہے۔

اس طریقے سے ہزاروں، لاکھوں میسج بھیجنے کے بعد اگر آپ کو دوچار کلائینٹ مل بھی جائیں لیکن جن ہزاروں لوگوں کو آپ نے ڈسٹرب کیا ہے، انکی گالیاں یا بدعائیں آپکو ضرور ملیں گی۔(بات صرف سمجھنے اور احساس کی ہے)۔

یہ چند اہم باتیں تھیں جو کہ کسی بھی پراپرٹی بزنس کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ اسکے علاوہ آپ کی بات چیت کا انداز، لباس اور لوگوں سے اچھی ڈیلنگ وغیرہ تمام باتیں آپ کے پراپرٹی کے کاروبار کی کامیابی کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔

اگر آپ ان تمام ہدایات پر عمل کریں اور محنت و لگن، ایمانداری اور سچائی کو اپنا شعار بنا لیں تو بہت جلد ریئل اسٹیٹ مارکیٹ میں اچھی ساکھ بنا لیں گے جو کہ آپ کے کاروبار کے لیے نہایت نفع بخش ثابت ہو سکتا ہے۔



Share

Property ka Karobar Behesiat Property Dealer Kese Karein?

Property ka karobar krne ke do tareeqon mein aik tareeqa bahesiat real estate agent ya property dealer ka hai. Is mein aap jaedad ke maalik or khareedar ke darmian aik sahulat kar ka kirdar ada krte hue soda karwate hein. Is khidmat ke ewaz aap aik makhsoos ya teh krda raqam batwar commision ya muawaza dono ya aik party se wasool krte hein.



Share

Add Your Thoughts