محتاط خریدار اور اسکے ساتھ برتائو

مصنف: اعجاز عالم | موضوع: کاروبار

آجکل کے مہنگائی کے دور میں آپ کا واسطہ زیادہ تر انتہائی محتاط قسم کے خریدار سے پڑے گا۔ ایسا  خریدار کسٹمر کی تمام قسموں میں سب سے زیادہ مشکل قسم ہوتی ہے۔ یہ سیلز مین کے لیے بعض اوقات درد سر کا باعث بن جاتے ہیں۔ خریداری تو کر ہی لیتے ہیں لیکن سیلز مین کو انہیں مطمئن کرنا خاصا مشکل ہوتا ہے۔ یہاں پر سیلز مین کو اپنی تمام پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لانا پڑتی ہیں تب جا کر وہ ان کو چیز بیچنے کے قابل ہوتا ہے۔

محتاط خریدار کی چند خصوصیات درج ذیل ہیں آپ چاہیں تو ان سے استفادہ کر کے بہتر فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔

ا۔ محتاط خریدار چیز خریدنے سے پہلے اپنے دوست احباب سے مشورہ کر کے آتا ہے خصوصاً اس شخص سے جس نے وہ چیز پہلے خریدی ہوئی ہو۔

ب۔ وہ بہت سی دوکانوں سے اسکے بارے میں معلومات حاصل کر کے آیا ہوتا ہے اور وہ چیز کی کوالٹی اور قیمت کے بارے میں بہت کچھ جانتا ہوتا ہے، ان میں سے بعض تو چیز کی لاگت بھی نکال کر سیلز مین کو بتا دیتے ہیں۔

ج۔ محتاط خریدار خریدنے سے پہلے چیز کی گارنٹی کے بارے میں پوچھتا ہے اور اگر گارنٹی نہ ملے تو عموماً وہ چیز خریدتا ہی نہیں، اس معاملے میں وہ بہت حساس ہوتا ہے۔

د۔ وہ چیز خریدنے سے پہلے اسکو خوب چیک کرتا ہے اور سیلزمین سے اسکے استعمال کا طریقہ بھی تفصیل سے پوچھتا ہے۔

ح۔ ایسے کسٹمر کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ پیک ڈبہ یا سیل پیک چیز خریدے۔

خ ۔وہ چیز کی قیمت پر سودے بای کو پسند کرتا ہے اور بعض اوقات اچھی خاصی رعایت طلب کرتا ہے۔ وہ قیمت پر بہت زیادہ بحث کرنے سے دریغ نہیں کرتا اور کبھی دروازے میں جا کر پھر کوئی قیمت لگاتا ہے تاکہ سیلز مین اسے جاتا ہوا دیکھ کر قیمت کم کر لے۔

م۔ اگر خریدی ہوئی چیز بعد میں خراب نکل آئے تو فوراً واپس یا تبدیل کرنے پہنچ جاتا ہے۔ وہ اس وقت تکرار کرنے سے بھی گریز نہیں کرتا اور بعض اوقات اپنے رویے کی وجہ سے نہ صرف سیلز مین کے لیے شرمندگی کا باعث بنتا ہے بلکہ اسکے بحث مباحثے کی وجہ سے دوکان میں موجود دوسرے خریداروں پر بھی منفی اثر پڑتا ہے۔

محتاط خریدار کے ساتھ برتائو

چونکہ یہ سب سے مختلف اور مشکل قسم کے خریداروں کی فہرست میں شامل ہیں لہذا ان سے ڈیل کرنے میں نہایت احتیاط، سمجھ داری اور صبر و تحمل سے کام لینا چائیے اور حتیٰ الوسع ان کے ساتھ بحث کرنے سے پرہیز کریں۔ انکے پاس عموماً وقت بہت ہوتا ہے اور اگر آپ ذرا بھی فالتو بات کریں گے تو یہ آپکو لیکچر دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ ایسے کسٹمر کو آپ چیز کی انتہائی مناسب قیمت بتائیں لیکن اس میں رعایت کرنے کی گنجائیش ضرور رکھیں تاکہ بعد میں کچھ کمی کرنا پڑے تو تو آپکے پاس اسکا مارجن ہو۔

یہ خریدار عموماً متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے خوددار قسم کے لوگ ہوتے ہیں اور انکی قوتِ خرید بھی اوسط درجے کی ہوتی ہے لہذا ان سے کبھی بھی سخت لہجے یا بدتمیزی سے پیش نہ آئیں۔ ایک باوقار انداز اپناتے ہوئے خوش اخلاقی سے بات چیت کریں۔ جب وہ کوئی چیز خرید لیں تو توجہ سے اس کو خود چیک کریں تاکہ اسمیں کوئی نقص ہو تو آپ اسے دینے سے پہلے ہی دور کر دیں۔ بعد میں کسی بدمزگی سے بچنے کے لیے یہ انتہائی ضروری ہے۔

ایک اچھا دوکاندار یا سیلز مین وہی ہوتا ہے جو اپنی چیز مناسب دام پر فروخت کر سکے لہذا اس بات پر نظر رکھیے کہ اسےکوئی پسند آگئی ہے، تو بہت کم دیکھنے میں آیا ہے کہ وہ اسے چھوڑ کر چلا جائے۔ ہو سکتا ہے کہ وہ آپکو لاپرواہی دکھائے اور بار بار اٹھ کر جانے کو تیار ہو جائے لیکن آپ اسے اپنی فائنل قیمت بتا کر خوش اخلاقی کو قائم رکھیں وہ بالاخر چیز ضرور خریدے گا۔


Share

Add Your Thoughts