خاص قسم کا کسٹمر اور اس سے برتائو

مصنف: اعجاز عالم | موضوع: کاروبار

کاروبار یا سیلز مین کی جاب کے دوران آپکا واسطہ ایک خاص قسم کے کسٹمر سے بھی پڑے گا۔ یہ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے سفید پوش لوگ ہوتے ہیں، ان میں زیادہ تر تنخواہ دار یا کم آمدنی والے لوگ شامل ہوتے ہیں۔ یہ اس وقت کوئی خریداری کرنے نہیں آئے ہوتے بلکہ چیزوں کا مشاہدہ کرنے آتے ہیں۔

بعض تو اسے معلومات میں اضافے کا نام بھی دیتے ہیں، ان لوگوں کی موجودہ پوزیشن اتنی مضبوط نہیں ہوتی لیکن وہ مستقبل کے خواب ذہن میں رکھ کر آتے ہیں۔ یہ انتہائی قابل رحم کلاس ہوتی ہے ، یہ قیمتیں پوچھتے ہیں اور پھر انکا موازنہ کرتے ہوئے باہر نکل جاتے ہیں۔

بعض تو صرف سیر و تفریح کی غرض سے آتے ہیں اور وقت گزاری کے لیے قیمتیں پوچھتے ہیں۔ اسکو ونڈو شاپنگ کا نام دیا چاہتا ہے، کچھ جو زیادہ پر اعتماد ہوتے ہیں وہ داخل ہوتے ہی سیلز مین یا دوکاندار کو خوش اخلاقی سے بتاتے ہیں کہ وہ صرف دیکھنے کے لیے ہی آئے ہیں انکا خریدنے کا فی الحال کوئی ارادہ  نہیں۔ انکو بعض سیلز مین "ڈاکٹر" کے لقب سے پکارتے ہیں یعنی کہ جو صرف معائنہ ہی کرنے آئے ہیں۔

کسٹمر کی خاص قسم سے برتائو

یاد رکھیں دوکان یا سٹور میں داخل ہونے والا ہر شخص آپکا اور دوکان کا مہمان ہوتا ہے چاہے وہ خریداری کرے یا نہ کرے آپ اسے ہر حال میں اہمیت دیں اور ہمیشہ عزت سے پیش آئیں۔ ایک اچھے سیلز مین کی یہ عادت ہوتی ہے کہ اگر اسے پتہ چل بھی جائے کہ یہ شخص کوئی چیز نہیں خریدے گا وہ پھر بھی اپنے رویے میں تبدیلی نہیں لاتا اور خوشدلی سے تمام سوالات کے جواب دیتا ہے۔

بعض سیلز مین تو اس شخص کو اندر بلا لیتے ہیں جو صرف شوکیس میں سجی چیزوں کا مشاہدہ کر رہا ہوتا ہے۔ "سر اندر آ کر آرام سے دیکھیں" یہ جملہ کسٹمر کے لیے بڑا حوصلہ افزا ہوتا ہے۔ وہ اگر اسوقت وہ چیز خریدنے نہ بھی آیا ہو لیکن یقین کیجئے جب اسے اس چیز کی ضرورت پڑے گی تو وہ سب سے پہلے آپ ہی کے پاس آئے گا۔

لہذا یا رکھیے کہ کسٹمر چاہے کسی بھی مقصد سے آئے اسے بھر پور توجہ دیں اور اس کے ساتھ خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آئیں، وہ آپکے رویے سے ضرور متاثڑ ہو کر مستقبل میں خریدار بن سکتا ہے۔ ویسے اخلاقی لحاظ سے بھی کسی کی جیب دیکھ کر یا جس کے ساتھ کوئی غرض یا مطلب ہو عزت کرنا نامناسب تصور کیا جاتا ہے۔


Share

Add Your Thoughts