وزن کم کیجئے مگر دانشمندی کے ساتھ

مصنف: اعجاز عالم | موضوع: صحت و تندرستی


وزن کم کرنا ہر اس شخص کی خواہش اور ضرورت ہوتی ہے جسکا وزن اپنے قد اور ڈیل ڈول کے حساب سے زیادہ ہو۔ اس لیے جن خواتین و حضرات کا جسم بے ہنگم اور بے ڈول ہوتا ہے انہیں ضرور اپنے وزن پر توجہ دینی چاہیئے۔سلم، سمارٹ اور قد کے لحاظ سے متناسب جسم دیکھنے میں بھلا لگتا ہے اور ایسے لوگوں پر ہر طرح کے کپڑے بھی خوب جچتے ہیں اور انکی زندگی میں بہت سی پریشانیاں بھی ختم ہو جاتی ہیں۔

وزن کم کرنے کے لیے ہر کوئی اپنی سی کوشش کرتا ہے۔ کوئی دوائیوں کا سہارا لیتا ہے، کوئی ڈائیٹنگ کا طریقہ اپناتا ہے اور کسی کو ورزش کرنے کا خیال آ جاتا ہے۔ غرضیکہ سب اپنی اپنی سوچ اور بساط کے مطابق کوشش کرتے ہیں۔ وزن کم کرنے کی ان کوششوں کی طرف مردوں کی نسبت خواتین زیادہ راغب ہوتی ہیں گو کہ آجکل مرد بھی اس میدان میں کافی ہاتھ پائوں مار رہے ہیں۔

وزن گھٹانے کے لیے نت نئی دوائیوں کی مارکیٹ میں بھر مار ہے جو بڑے دعووں کے ساتھ اپنی مصنوعات کو فروخت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ہر اخبار اور رسالے میں وزن کم کرنے اور وزن پر قابو پانے کے لیے رنگا رنگ اشتہارات ملتے ہیں۔ اگر آپ کا وزن بھی ضرورت سے زیادہ ہے تو آپ ضرور اس پر توجہ دیں اور اپنی صحت کو بہتر بنائیں۔

وزن کم کرنا کوئی اتنا مشکل کام بھی نہیں لیکن اس کے لیے آپکو بنیادی باتوں کا علم ہونا نہایت ضروری ہے۔یاد رکھیں کہ یہ آپکا اپنا وزن ہے اور اس کے متعلق آپکو ہی کچھ کرنا ہو گا۔ آپ سے زیادہ آپکے وزن کو کوئی دوسرا نہیں جانتا، مطلب یہ کہ صرف آپکو ہی معلوم ہے کہ اس میں اضافے کی کیا وجوہات ہیں۔ اگر نہیں معلوم تو کبھی فرصت کے لمحات میں ذرا غور کیجئے گا کہ آپکی کو کون سی ایسی عادات ہیں جن کی وجہ سے آپکا وزن بے قابو ہوا۔

اس حقیقت کو بالکل جھٹلایا نہیں جا سکتا کہ انسانی وزن کا تعلق خوراک اور حرکت یعنی ورزش سے ہے۔ اگر آپ اپنی مطلوبہ ضرورت سے زیادہ خوراک کا استعمال کریں گے اور کسرت سے دور رہیں گے تو یقیناً آپکا وزن بڑھ جائے گا۔ لیکن اگر آپ خوراک کم استعمال کریں گے اور کسرت بڑھا دیں گے تو آپکا وزن کم ہونا شروع ہو جائے گا۔ یہ تو تھا وزن کم کرنے یا بڑھنے کا سیدھا سادھا سا اصول۔

کوشش کیجئے کہ آپ شروع سے ہی اپنے بڑھتے وزن کو نظر انداز نہ کریں۔ جیسے ہی آپ محسوس کریں کہ آپکے جسم میں کچھ تبدیلیاں واقع ہونا شروع ہو گئی ہیں تو آپ فوراً اپنی خوراک اور کسرت کا جائزہ لیں۔ اگر آپ نے سنجیدگی سے اس بات پر غور کیا تو جلد ہی اس کا تدارک کر سکیں گے۔ بصورت دیگر بعد میں زیادہ محنت کرنا پڑے گی۔

جو لوگ ایک قاعدے کے تحت، نظم و ضبط سے زندگی بسر کرتے ہیں وہ اچھی صحت پاتے ہیں اور موٹاپا ان کے نزدیک نہیں جاتا۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اگر آپ کے سونے جاگنے، کھانے پینے میں باقاعدگی ہے اور آپ قانونِ فطرت کے اصولوں کے عین مطابق زندگی گزارتے ہیں تو نہ صرف آپکا وزن قابو میں رہے گا بلکہ آپ دیگر جسمانی بیماریوں سے بھی بچے رہیں گے۔

وزن کم کرنے کے لیے سوچ سمجھ کر دانشمندی سے قدم اٹھائیے۔ سنی سنائی باتوں اور اشتہارات سے متاثر ہو کر الٹی سیدھی ادویات استعمال کرنا انتہائی ناسمجھی کی بات ہے۔لہذا کسی صورت میں بھی وزن کم کرنے والی ادویات کا استعمال نہ کریں، یہ آپکو فائدے کی جہ سخت نقصان دینے کا باعث بن سکتی ہیں۔ اپنا وزن بڑھنے کی وجوہات کا جائزہ لیں اور جہاں آپ سے بے احتیاطی ہوئی ہے اس کا تدارک کریں۔

جب تک آپ یہ نہیں کریں گے تو وزن کم کرنے کے جتنے مرضی طریقے آزما لیں کامیابی ذرا مشکل ہی سے ملے گی۔ موٹاپے کو ایک بیماری جان کر اسکا علاج کریں جو کہ آپ کے اپنے ہاتھ میں ہے۔ خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر تیار کیجئے اور مسقل مزاجی کو استعمال میں لائیے کیونکہ اگر آپ میں مستقل مزاجی کا فقدان ہے تو پھر وزن کم کرنا صرف خواب و خیال ہی رہ جائے گا۔ اس ویب سائیٹ پر آپکو وزن کم کرنے کے متعلق بہت سی معلومات ملے گی جس کو استعمال میں لا کر آپ اپنا وزن بہتر طریقے سے کم کر سکتے ہیں۔ خوش رہیں، آباد رہیں

Share

You May Also Like

Add Your Thoughts